امریکی ریاست نیواڈا کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر پرواز سے کچھ دیر قبل ایک مسافر جہاز کے بازو پر چڑھ کر بیٹھ گیا اور اپنے موبائل سے سیلفیاں لیں اور ویڈیو بھی بنائی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق نیواڈا کے شہر لاس ویگاس کے ایئر پورٹ پر ‘الاسکا ایئر لائنز’ کا طیارہ ٹیک آف کے لیے تیار کھڑا تھا کہ ایک شخص جہاز کے بازو پر چڑھ کر بیٹھ گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص طیارے کے بازو پر چڑھ کر بیٹھ جاتا ہے، جوتے اور موزے اتارتا ہے اور چلنے لگتا ہے، اسی دوران پولیس آتی ہے اور اسے گرفتار کرلیتی ہے۔
خوش قسمتی سے ٹیک آف کے لیے تیار کپتان کی نظر اُس شخص پر پڑ گئی اور انہوں نے فوراً کنٹرول ٹاور کو مطلع کیا۔ ایئر پورٹ سیکیورٹی اہلکار نزدیک پہنچے تو جہاز کے بازو پر کھڑا شخص گھبرا کر توازن برقرار نہ رکھ سکا اور پھسل کر زمین پر گر گیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا جس کے بعد طیارے کی دوبارہ چیکنگ کی گئی اور کلیئر قرار دینے کے بعد پرواز کی اجازت دی گئی تاہم اس عمل میں پرواز 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
گرفتار شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ملزم کی شناخت اور تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے گا۔ ‘فلائٹ 1367′ ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس سے ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ جا رہی تھی۔