پشاور: خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 12نشستوں کے لئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز سمیت 24 امیدواروں نے کاغذات جمع کرادئیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے سے 7 جنرل نشستوں کے لئے 12،ٹیکنوکریٹس کی دو نشستوں کیلئے 5،خواتین کی مخصوص دو نشستوں کیلئے 5جبکہ اقلیتوں کے لئے مختص ایک نشست کے لئے2امیدواروں نے کاغذات جمع کرادئیے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی امیدواروں کی ابتدائی فہرست کے مطابق 7جنرل نشستوں کے لئے حکمران جماعت پی ٹی آئی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز،فیصل سلیم الرحمان،محسن عزیز اور اورنگزیب خان،ذیشان خانزادہ اور مسلم لیگ ن کے عباس آفریدی شامل ہیں۔
اسی طرح ٹیکنوکریٹس کی دو نشستوں کے لئے حکمران جماعت کے سابق ایم این اے انجینئر حامد الحق،پی پی پی کے فرحت اللہ بابر،جے یو آئی کے زبیرعلی،مسلم لیگ ن کے ریحان عالم اور آزاد امیدوار نصراللہ خان وزیر شامل ہیں۔
اسی طرح خواتین کی دو مخصوص نشستوں کیلئے حکمران جماعت تحریک انصاف کی ثانیہ نشتر،جے یو آئی کی نعیمہ کشور،اے این پی کی تسلیم بیگم،مسلم لیگ ن کی فرح خان اور فرزانہ جاوید جبکہ اقلیوں کی ایک نشست کیلئے حکمران جماعت پی ٹی آئی کے گرو دیپ سنگھ اور جے یو آئی کے رنجیت سنگھ شامل ہیں۔
کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کے بعدسینٹ کیانتخابات میں حصہ لینے والے متوقع امیدوار اب 15فروری تک کاغذات جمع کراسکتے ہیں۔