کے پی حکومت نے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں کے تعلیمی سیزن کے مطابق تعطیلات کا شیڈول مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سمر زون یعنی میدانی علاقوں کے پرائمری اسکول یکم جون سے 31 اگست تک بند رہیں گے۔ جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کی تعطیلات 15 جون سے شروع ہو کر 31 اگست تک جاری رہیں گی۔
مزید برآں، صوبے کے سرد علاقوں یعنی ونٹر زون میں گرمیوں کی تعطیلات یکم جولائی سے 31 جولائی تک محدود رکھی گئی ہیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔
محکمہ تعلیم نے والدین، اساتذہ اور طلبہ کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔