وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں فنی تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کردی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ کابینہ اراکین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل محکمہ صنعت کے جاری منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو فنی تعلیم کے شعبے پر خصوص توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے فنی تعلیم کے شعبے پر خاطر خواہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، فنی تربیت کے موجودہ نظام کو قومی اور بین الاقوامی جابز مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے شعبے میں طلبہ کو سکالرشپس دینے کے لئے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو بین الاقوامی جاب مارکیٹس میں کھپانے کے لئے فنی تربیت کے پروگراموں کی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن پر کام کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ معیاری فنی تربیت کی فراہمی کے سلسلے میں ماسٹر ٹرینرز کی دستیابی کے لئے پروگرام شروع کرنے سمیت فنی تربیتی اداروں اور مقامی صنعتوں کے درمیان روابط کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جائے۔
علی امین گنڈا پور نے سرکاری محکموں میں ٹیکنیکل عملے کی بھرتی کے لئے ٹیکنیکل سرٹیفیکیشن لازمی قرار دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ تسلیم شدہ سند کے بغیر سرکاری محکموں میں پلمبر، الیکٹریشن اور ڈرائیور سمیت کوئی بھی ٹیکنیکل عملہ بھرتی نہ ہوٹیکنیکل آسامیوں پر بغیر سند یافتہ امیدواروں کو بھرتی کرنا سند یافتہ امیدواروں کی حق تلفی ہے، اس مقصد کے لئے تمام محکمے متعلقہ قواعد و ضوابط میں ضروری ترمیم کریں، خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اکنامک زونز اور انڈسٹریل زونز کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے، اکنامک زونز اور انڈسٹریل زونز قائم کرنے کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اس لسلے میں موزوں مقامات پر نئے اکنامک زونز کے قیام کے لئے منصوبے تجویز کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صنعتوں کے فروغ کے ذریعے لوگوں کے لئے روزگا کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں، اس مقصد کے لئے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں، وزیر اعلی صوبے میں صنعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے سرمایہ کاری کے پیچیدہ عمل کو سہل بنانے اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے سہولیات فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے، صوبائی حکومت اپنی بجلی کی پیداوار کو سستی نرخ پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔
