مالک کی وصیت کتے کو ہی کروڑ پتی بنا گئی

امریکہ میں ایک کتےکے مالک نے اس دنیا سے جاتے جاتے لاکھوں ڈالر اپنے پالتو کتے کے ہی نام کردئیے اور مالک کے انتقال کے ساتھ ہی کتا چند لمحوں میں  ڈالروں میں لکھ پتی اور پاکستانی روپوں میں کروڑ پتی بن چکا۔

 تفصیلات کے مطابق اس 8 سالہ کتیا کا نام ’لولو‘ہے جو ایک نئے نگراں مارتھا برٹن کی زیرِ کفالت ہے ۔ جب جب وہ اصل مالک سے ملنے جاتی تھیں وہ اس کتیا کو اپنے ساتھ رکھتی رہیں اور یوں یہ جانور اپنے مالک کے ساتھ ساتھ مارتھا سے بھی مانوس ہوگیا۔

لولو کا اصل مالک بِل ڈورِس تھا جو ایک سال قبل انتقال کرچکا ہے۔ اس نے ساری زندگی شادی نہیں کی لیکن اپنے کاروبار سے غیرمعمولی رقم کمائی تھی۔ تاہم اپنی وفات سے قبل ہی وہ اپنی جائیداد سے 50 لاکھ ڈالر لولو کے نام کرچکا تھا تاکہ اسے پوری زندگی دیکھ بھال کے لیے خرچ کیا جاسکے۔ مارتھا کہتی ہیں کہ بِل اپنی پالتو لولو سے بہت محبت کرتا تھا۔

وصیت کے مطابق ایک ٹرسٹ، وصیت کردہ رقم سے لولو کے اخراجات اٹھائے گا جبکہ دیکھ بھال کی ذمے داری مارتھا ہی کریں گی۔ اس ضمن میں لولو کی غذا، دیکھ بھال، علاج اور دیگر اخراجات کے لیے ماہانہ بنیادوں پر رقم فراہم کی جائے گی۔ مارتھا کے مطابق 50 لاکھ ڈالر سے اگر پوری زندگی لولو کو کھلایا پلایا جائے، مہنگے ڈاکٹروں کو دکھایا جائے اور قیمتی کھلونے بھی ہوں تب بھی اس کا بہت معمولی حصہ ہی خرچ ہوگا۔

لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ اگر کتیا اس دنیا سے رخصت ہوجاتی ہے تو پھر یہ رقم کہاں خرچ ہوگی؟