پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کا امکان

اسلام آباد:پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی بین الاقوامی زیرآب کیبل سسٹم میں خرابی کے نتیجے میں ملک میں آن لائن سروسز متاثر ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)سے جاری کردہ بیان کے مطابق مصر میں ابو تلات کے قریب بین الاقوامی زیر آب کیبلز سسٹم میں خرابی کے نتیجے میں صارفین کو انٹرنیٹ سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے)نے یورپ کی جانب سے ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 5 کیبل سسٹم میں بین الاقوامی کنیکٹیویٹی میں سروس میں سست روی سے آگاہ کیا ہے۔

انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں یہ سست روی زیر آب کیبل سسٹم میں خرابی کی وجہ سے آئی ہے۔

مصر میں جلداز جلد اس خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے۔