واٹس ایپ کا رازداری پالیسی نافذ کرنے کا اعلان

فیس بک کی زیرملکیت موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے شدید تنقید کے باجود متنازع پرائیویسی (رازداری) پالیسی کو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تاہم اب واٹس ایپ کے صارفین کو نئی پرائیویسی پالیسی کے بارے میں آگاہ کرنے  کے انداز میں تبدیلی  دیکھنے میں آرہی ہے۔

یاد رہے کہ واٹس ایپ نے شدید تنقید کے بعد اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کے نفاذ  کو مئی تک مؤخر کیا تھا۔

واٹس ایپ کی جانب سے جاری حالیہ بلاگ میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  کمپنی اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کو ہی نافذ کرے گی تاہم اب واٹس ایپ   کی جانب سے صارفین کو متنازع پرائیویسی پالیسی پڑھنے کی اجازت دی جائے گی ساتھ ہی صارفین کو اضافی معلومات فراہم کرنے والا بینر بھی دکھایا جائے گا۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ کہ کمپنی صارفین کو میسجنگ پلیٹ فارم کا استعمال جاری رکھنے کے لیے اپ ڈیٹس کا جائزہ لینے اور اسے قبول کرنے سے متعلق یاد دہانی کروانے کا سلسلہ شروع کرے گی۔

واٹس ایپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے صارفین کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کے ساتھ مزید معلومات شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیاہے۔

 خیا ل رہے کہ سال نو سے قبل واٹس ایپ  کی جانب سے نئی پرائیویسی پالیسی کا اعلان لاکھوں صارفین کے لیے واٹس ایپ کی متبادل ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کا باعث بنا تھا۔

نئی پرائیویسی پالیسی کے مطابق واٹس ایپ صارفین کی محدود ذاتی معلومات کو فیس بک اور دیگر گروپس کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔