امارات خلائی ایجنسی کی سربراہ ٹائم میگزین کی 100 با اثر شخصیات میں شامل

ابوظبی: اماراتی خاتون سارہ العمیری ٹائم کی 100 با اثر شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت اور متحدہ عرب امارات خلائی ایجنسی کی چیئر وومن سارہ العمیری کو متحدہ عرب امارات کے تحقیقاتی مشن امید کو کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل کرنے پر ٹائم کی 2021 کی 100 با اثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2021 کے لیے ٹائم کی با اثر شخصیات کی فہرست میں تفریح​​، صحت، سیاسی اور کاروبار کے مستقبل کی تشکیل کے شعبوں میں 100 ابھرتے ہوئے رہنماؤں کا نام منتخب کیا گیا ہے۔

 سرخ سیارے کے مدار میں یو اے ای کے تحقیقاتی مشن ’ہوپ‘ کے کامیاب داخلے پر سارہ العمیری کا نام بھی اس فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کا تحقیقاتی مشن اس ماہ کی 9 تاریخ کو مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہوا تھا جس سے امارات مریخ پر پہنچنے والا پہلا عرب اور دنیا کا پانچواں ملک بن گیا۔

امارات مریخ مشن کی نائب پروجیکٹ منیجر کے طور پر 30 سالہ سارہ العمیری سارہ العمیری نے اس ٹیم کی سربراہی کی جس میں 80 فی صد خواتین ہیں اور انھوں نے بین الاقوامی یونی ورسٹیز کے ساتھ مل کر پہلے عرب خلائی جہاز کی تعمیر اور لانچنگ کا مشکل مشن کامیابی سے مکمل کیا۔


اپنے انتخاب پر سارہ العمیری نے ایک ٹویٹ میں آئندہ کے 100 با اثر افراد کی فہرست میں نامزد ہونے پر ٹائم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعتراف ہے جسے وہ امارات کے مریخ مشن کی پوری ٹیم کی طرف سے قبول کرتی ہیں جن میں سے کئی اس سے بھی زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔


سارہ العمیری نے امریکن یونی ورسٹی آف شارجہ (اے یو ایس) سے 2009 میں کمپیوٹر انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری حاصل کرنے کے بعد محمد بن راشد خلائی مرکز (ایم بی آر ایس سی) میں پروگرام انجینئر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی

 انھوں نے متحدہ عرب امارات کے پہلے دو مصنوعی سیاروں دبئی سیٹ۔1 اور دبئی سیٹ۔2 اور مکمل طور پر اماراتی ساختہ خلیفہ سیٹ بنانے میں حصہ لیا۔

2014 میں انھوں نے ایڈوانسڈ ایرئل سسٹم پروگرام کے قیام کی رہنمائی کی جہاں انھوں نے ایک پروٹو ٹائپ High Altitude Pseudo سیٹلائٹ کی کامیاب تیاری میں کردار ادا کیا۔

اس منصوبے کے نتیجے میں بغیر پائلٹ جہاز کی 24 گھنٹے کامیاب پرواز ہوئی جس نے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود سے کسی بغیر پائلٹ طیارے کی سب سے زیادہ اونچائی میں پرواز کا ریکارڈ قائم کیا۔