کابل:افغانستان کے صوبہ لوگار میں نامعلوم افراد کے سیکیورٹی فورسز پر حملے میں نو اہلکار ہلاک ہوگئے،حملہ آوردو اہلکاروں کو اغوا کرکے بھی لے گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے صوبہ لوگار میں نامعلوم افراد کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر حملہ کیاگیا۔
دونوں اطراف سے فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔فائرنگ کے تبادلے میں نو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ حملہ آور جاتے ہوئے اپنے ہمراہ سرکاری اسلحہ اور ایک گاڑی بھی لے گئے جب کہ دو اہلکاروں کو یرغمال بنانے کی بھی اطلاع ہے۔
ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
گزشتہ ایک ماہ سے افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں شدید تیز ی دیکھنے میں آئی ہے۔
دہشت گرد کابل،قندھار سمیت دیگر صوبوں میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناچکے ہیں۔
ان حملوں میں تیزی کے باعث امریکہ امن معاہدے پر نظر ثانی کا عندیہ دے چکا ہے۔