اقوام متحدہ کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی مثبت پیش رفت قرار

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیوگوٹیریس نے پاک بھارت جنگ بندی کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری جنرل نے امید ظاہرکی ہے کہ لائن آف کنٹرول پرجنگ بندی پاکستان اوربھارت کے درمیان مزید بات چیت کی راہ ہموار کرے گی۔

ترجمان نے کہا کہ پاک بھارت مشترکہ اعلامیے سے سیکرٹری جنرل یو این کی حوصلہ افزائی ہوئی ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ پاکستان اوربھارت کی افواج کے مشترکہ بیان کو حوصلہ افزا سمجھتے ہیں جس کے مطابق دونوں افواج ایل اوسی پر جنگ بندی معاہدے پرعمل کریں گی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ بات چیت کے لیے پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔

 دوسری جانب امریکہ نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں پیشرفت کا خیر مقدم کیا  ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے مثبت پیشرفت ہے۔

جین ساکی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں وسیع تر امن اور استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس پیشرفت کو مزید آگے بڑھائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تناؤ دو سال قبل پلوامہ واقعے کے بعد پیدا ہوا، بھارت نے 26 فروری 2019 کو پلوامہ واقعے کی آڑ میں بالاکوٹ پر حملہ کیا جبکہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب 27 فروری کو دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کو حراست میں لے لیا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا تھا جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔