عائشہ عمر اپنی برانڈ ’عائشہ او بیوٹی‘متعارف کرنے کو تیار

متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر اب کاروباری دنیا میں بھی قدم رکھنے کو تیار ہیں۔

عائشہ عمر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اپنی برانڈ ’عائشہ او بیوٹی‘ کی بنیاد خواتین کے عالمی دن کے موقع پر یعنی 8 مارچ کو رکھیں گی۔

اداکارہ نے 23 فروری کو انسٹاگرام پر اپنے بیوٹی برانڈ کا پیج متعارف کرایا، جس میں انہیں بیوٹی مصنوعات کی تشہیری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔

عائشہ عمر بیوٹی برانڈ کا دعویٰ ہے کہ ان کی تمام مصنوعات 100 فیصد خالص اور قدرتی اجزا سے بنی ہوں گی جبکہ ان کی برانڈ میں کس طرح کی پروڈکٹس شامل ہوں گی اس حوالے سے زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات اداکاری کے ساتھ ساتھ کاروباری دنیا میں قدم رکھ چکی ہیں۔

چند روز قبل اداکار اعجاز اسلم نے بھی اپنی بیوٹی پروڈکٹس کی برانڈ بنائی اور اداکار میکال ذوالفقار نے بھی اپنا سیلون کھولا تھا۔