وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی تصویر پر میمز بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں اماراتی صدر نے پنجاب کے شہر رحیم یار خان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر مریم نواز نے شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ سفارتی مصافحہ کیا تھا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو بعض عناصر کیجانب سے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا گیا۔
اس دوران مریم نواز اور شیخ محمد بن زید النہیان کی مصنوعی ذہانت (آے آئی) سے ایڈٹ شدہ نازیبا تصاویر بھی وائرل کی گئیں جن کیخلاف اب ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے حکومت کی درخواست پر انکوائری شروع کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ویڈیوز اور تصاویر اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔
ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ 'سائبر پٹرولنگ' کے ذریعے اے آئی ویڈیوز اور تصاویر اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کررہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے 10 اکاؤنٹس کی ابتدائی طور پر نشاندہی کرلی ہیں، ان اکاؤنٹس کی مدد سےجھوٹی تصاویر اور ویڈیوزاپ لوڈ کرکے منفی تاثر پھیلایا گیا۔
مذکورہ تصاویر اور ویڈیوز پر مبنی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔