اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے طیاروں کی گھن گرج، فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دو سال مکمل ہونے پر اسلام آباد ایئر ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شرکت کی۔  اس موقع پر انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شان دار مظاہرہ کیا تو ان کی گھن گرج سے فضا گونج اٹھی اور دلوں پر رعب و ہیبت طاری ہوگئی۔ شائقین نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خوب داد دی۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں سلامتی چاہتی ہے، دنیا نے دیکھا پاکستان نے امن کیلیے بھارتی پائلٹ کو واپس کیا، اپنی ذمے داریاں جانتے ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کیلیے ہر لمحہ تیار ہیں۔

مجاہد انور خان نے کہا کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ذریعے ہماری افواج نے وطن کا بھرپور دفاع کیا، ہماری افواج کو ملک کے دفاع کیلیے ہر لمحہ تیار رہنا ہوگا، اپنے دفاع سے بے خبر نہیں اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا فوری جواب دیا جائے گا۔