سماجی رابطوں کا مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک اب ریپنگ (گانے کی ایک قسم) کرنے کے شوقین افراد کی مدد کرے گی۔
فیس بک نیو پراڈکٹ ایکسپیریمنٹیشن (این پی ای) کی ٹیم کی جانب سے ایک نئی ایپ لانچ کی گئی ہے جس کا نام ’بارز‘ ہے جو کہ امریکا میں کلوز بیٹا یعنی آزمائشی طور پر پیش کی گئی ہے۔
اس ایپ کو استعمال کرنے کے خواہشمند صارفین فی الحال ایپ کی ویٹ لسٹ میں سائن اپ کر سکتے ہیں۔
فیس بک کی ایپ بارز کے تحت ایسے لوگ جو ریپنگ کرنے کے خواہش مند ہیں، ان کی کافی مدد ہو سکے گی، ایپ صارفین کو سیکڑوں بِیٹس فراہم کرے گی جس پر ریپر 60 سیکنڈز کی ریپ ویڈیو ریکارڈ کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ بارز پر صارفین اگر اپنے ریپ کی لیرکس درج کریں گے تو وہ انہیں ویڈیو کے لیے اس حساب سے دھنیں اور آڈیو، ویڈیو فلٹرز تجویز کرے گی۔
علاوہ ازیں اس ایپ میں ٹک ٹاک کی طرح ہی فیڈ (feed) ہو گی جس پر دوسروں کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز نظر آئیں گی اور اگر آپ کو کسی کی ویڈیو پسند آئے گی تو اسے لائیک کرنے کے لیے فائر (آئکن) پر کلک کرنے سے وہ ویڈیو لائیک ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ یہ ایپ ابھی صرف امریکا میں محدود صارفین کے لیے ہی ہے جب کہ ایپ کو دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کرنے کے حوالےسے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔