بھارت میں لڑائی کیلئے تیار کیے گئے مرغے نے پنجے پر لگے چاقو سے اپنے ہی مالک کو ہلاک کردیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے غیر قانونی مرغوں کی لڑائی کے مقابلے کا انعقاد کرنے والے منتظمیں کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق مرغے کی پنجوں پر لڑائی کیلئے تیز دھار آلہ باندھا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے حریف مرغے پر اس سے وار کرسکے تاہم آج ایک مرغا اپنے مالک کی گود سے فرار ہونے کیلئے پھڑپھڑایا جس کے نتیجے میں اس کے پنجے پر لگے چھوٹے چاقو سے مالک کی ران پر گہرے کٹ لگ گئے۔
متاثرہ شخص کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔
واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں پیش آیا۔ واقعے کے بعد مرغے کو کچھ دیر پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا جس کے بعد اسے پولٹری فارم منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ ریاست میں مرغوں کی لڑائی پر پابندی عائد ہے پھر بھی اکثر یہ مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس لڑائی کیلئے مرغے کے پنجوں پر تین انچ لمبے تیز دھار آلے باندھے جاتے ہیں۔