حکومتی ارکان رابطے میں ہیں، جلد بڑا سرپرائز دینگے، بلاول بھٹو زرداری

 کوہاٹ:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں،حکومت میں شامل ارکانِ اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں۔

 سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ ہوگااورحکومت کا نقشہ بدل دینگے حکومت پی ڈی ایم بنائے گی‘ ضمنی انتخابات میں حکومت کو شکست دی اب سینٹ الیکشن کی باری ہے۔

 سینٹ الیکشن میں سرپرائز دینگے‘ کٹھ پتلی وزیراعظم کو گھر بھیج دیں گے، خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے قبل دو وکٹیں گرا لیں۔

ان خیالات کااظہار بلاول بھٹو زرداری نے آزاد سینیٹرشمیم آفریدی اور آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی امجد آفریدی کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ ہم دونوں کو پی پی پی میں خوش آمدید کہتے ہیں اور یہ ہمارے سفر کاآغاز ہے اور ہم آفریدی خاندان کے ساتھ مل کر اس علاقہ کے عوام کے مسائل حل کریں گے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جب سے نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت آئی ہے، وفاق میں تین سال سے اور خیبر پختونخوا میں آٹھ سال سے راج کررہے ہیں، انہوں نے غریب کے سارے حقوق صلب کئے ہیں۔

 انہوں نے کوشش کی ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا خاتمہ ہو، این ایف سی ایوارڈ کو واپس لیا جائے،18ویں ترمیم کو واپس لیا جائے، صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جائے مگر ہر موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اور جمہوری قوتیں ان کی سازشوں کا مقابلہ کرتی رہیں اور ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ18ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ کا خاتمہ کرے۔

 انہوں نے کہا کہ سیاست دان ہو، یا عدلیہ، فوج اور سرکاری ملازمین، جب سب کے لئے ایک قانون ہوگا تب ہی کرپشن کے ناسور کو ختم کرسکیں گے، بلین ٹرین، علیمہ باجی کی سلائی مشینوں سمیت جگہ جگہ کرپشن ہے، اس نالائق حکومت کا ہرمیدان میں مقابلہ کر رہے ہیں، ضمنی انتخاب میں فتح نے ثابت کیا عوام پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں بلکہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں، حکومت کو پہلی بار اپنے ہی ایم این ایز، ایم پی ایز اور اتحادیوں سے بات کرنے پر مجبور کردیا لیکن اب بہت دیر ہوچکی، وہی ایم این ایز اور اتحادی ہم سے بھی رابطے میں ہیں،ہم نے ان کو کہہ دیا ہے یہ ان کے لیے ایک موقع ہے وہ ثابت کریں کہ وہ عوام کے ساتھ ہیں یا کٹھ پتلی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو اسلام آباد سے پی ڈی ایم کا امیدوار کھڑا کرنے پر حکومت بہت پریشان ہے، حفیظ شیخ کو کامیاب کرانا مہنگائی میں اضافہ اور آئی ایم ایف کے غلامی کے مترادف ہے۔

 یوسف رضاگیلانی کی کامیابی سے پارلیمان کی عزت میں اضافہ ہوگا، جمہوریت کی کامیابی ہوگی، سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ ہونا ہے،اس مارچ کیلئے عوام تیاری پکڑیں، کٹھ پتلی ناجائز وزیراعظم کو گھر بھجوادیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج مہنگائی افغانستان اور بنگلا دیش سے بھی زیادہ ہے، کٹھ پتلی حکومت میں صلاحیت نہیں کہ حکومت چلاسکے۔