کرم کے علاقے بگن کیلئے امدادی قافلہ ٹل سے روانہ

ہنگو: ضلع کرم کے علاقے بگن کے لیے امدادی قافلہ ٹل سے روانہ ہو گیا۔

ایف ڈی ایم اے حکام کے مطابق بگن کیلئے ایف ڈی ایم اے کی 10 گاڑیاں امدادی سامان لے کر روانہ ہو گئی ہیں، بگن متاثرین کے لیے ٹینٹ، گرم کمبل، کچن سیٹ سمیت مختلف قسم کی اشیاء شامل ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ پاراچنار کے لیے اشیائے خورونوش کا قافلہ آج روانہ ہونے کا امکان ہے، کھانے پینے اور دیگر سامان کا پہلا قافلہ آج پارا چنار کے لیے روانہ ہوگا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قافلے کی حفاظت پولیس کرے گی، کسی ہنگامی صورتحال میں دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس کی معاونت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امن کمیٹی نے حکومت کو قافلے کے بحفاظت گزرنے کی ضمانت دی ہے، امن کمیٹی نے بگن متاثرین کوبھی ضمانت دی ہےکہ حکومت ان کے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔

سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پر حملے کے ملزمان کو انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا، ایک ہفتےمیں امدادی اشیا کے مزید دو سے تین قافلے کرم بھیجے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود پر پر فائرنگ کے واقعے کی وجہ سے 4 جنوری 2025 کو پارا چنار کے لیے چلنے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔