پشاور: اشیائے خوردونوش اور سامان رسد پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ پارا چنار پہنچ گیا۔
ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قافلے کا پر امن پارا چنار پہنچنا بہت خوش آئند ہے۔ سابق ڈپٹی کمشنر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
پاراچنار کا راستہ نہ کھلنے کے باعث اشیائے خوردونوش سے لدی 25 گاڑیاں 4 دن انتظار کے بعد تل واپس چلی گئی تھیں۔
ہنگو کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بگن کے قریب مندوری میں احتجاجی دھرنے اور سڑکوں کی بندش کے باعث ٹل سے قافلے کی روانگی ممکن نہیں لہٰذا اشیائے خوردونوش خراب ہونے کے خدشے کی وجہ سے گاڑیاں واپس گئی ہیں۔
یاد رہے کہ 4 جنوری کو لوئر کرم کے علاقے بگن میں شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم جاوید محسود سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ جس کے بعد کرم کے لیے 3 ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔
دوسری جانب مندوری میں دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ نومبر کو ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔