ایبٹ آباد: ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں ایک قیدی کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی پر جیل کے اندر اور باہر ہنگامے شروع ہوگئے۔
جیل کے اندر قیدی اور جیل کے باہر مذہبی جماعتوں کے کارکنان، تاجر اور شہری مشتعل ہوگئے۔
ایبٹ آباد شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازار اور سڑکیں بند کردی گئیں عوام کا سیلاب سڑکوں پر امڈ آیا۔
انتظامیہ نے بے حرمتی کرنیوالے قیدی کو ہریپور جیل منتقل کردیا پولیس کی طرف سے جیل کے باہر مشتعل مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی اور حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے ہزارہ بھر سے پولیس نفری ایبٹ آباد طلب کی گئی لیکن اس کے باوجود مظاہرین منتشر نہ ہوئے۔
مظاہرین نے بے حرمتی کرنے والے قیدی کو سزائے موت دینے اور جیل میں ملعون کو قرآن پاک دینے والے جیل ملازمین کے خلاف مقدمے کے اندراج سمیت دیگر مطالبات پیش کردیئے۔
رات گئے احتجاجی مظاہرین اور پولیس حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں عمران ولد علی داد سکنہ جوگن نواں شہر قرآن پاک کی بے حرمتی کے کیس میں پابند سلاسل تھا جسے عام قیدیوں سے علیحدہ کرکے چکی میں بند کیا گیا تھا بے حرمتی کے کیس میں پابند سلاسل قیدی عمران نے ہفتے کے روز جیل کے اندر دوبارہ قرآن پاک کی بے حرمتی کی جس پر جیل کا ڈیوٹی پر موجود عملہ اور قیدی مشتعل ہوگئے اور بے حرمتی کرنیوالے قیدی پر حملہ آور ہوئے لیکن ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بے حرمتی کرنیوالے قیدی کو ہریپور جیل منتقل کردیا گیا۔
قیدی کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اطلاع پر جیل کے باہر مذہبی جماعتوں کے کارکنان، تاجر اور سو ل سوسائٹی کے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ گئے جنہوں نے شدید نعرے بازی کی پو لیس کی طرف سے جیل کے اندر اور باہر آنسو گیس شیلنگ کی گئی لیکن اس کے باوجود مظاہرین منتشر نہ ہوئے۔
ایبٹ آباد سمیت ہزارہ بھر سے پولیس نفری طلب کی گئی قرآن پاک کی بے حرمتی کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پورے ضلع میں پھیل گئی جس کے بعد جیل کے باہر ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر اور منڈیاں میں عوامی سیلاب امڈ آیا تاجروں نے فوری طور پر دکانیں بند کردیں۔
مظاہرین نے ٹائر جلا کر مین شاہراہ ریشم سمیت تمام سڑکیں بلاک کردیں ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبدالواجد، اہلسنت والجماعت کے رہنما ایاز خان، ضلعی صدر شیر افضل خان،پیر شاہ کمال آف طوری شریف، آل ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر سردار شاہنواز، جنرل سیکرٹری سجاد خان،سمیت دیگر قائدین موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس اور انتظامی حکام کی طرف سے مظاہرین کیساتھ مذاکرات کیے گئے اس موقع پر دس رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کو عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اس طرح کی حرکت نہ کرسکے۔
انہوں نے جیل کے اندر بے حرمتی کے کیس میں بند قیدی کو قرآن پاک پہنچانے والے جیل کے ملازمین کے خلاف بھی مقدمے درج کرنے کا مطالبہ کیا پولیس تھانہ سٹی نے ملزم عمران ولد علی داد سکنہ جوگن نواں شہر کے خلاف 295 بی کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور تفتیش شرو ع کردی مذاکرات کی کامیابی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔