امیتابھ بچن نے سرجری کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی

بالی وڈ کے شہنشاہ اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے۔

اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں اپنی صحت کے حوالے سے اپنے آفیشل بلاگ کے ذریعے چاہنے والوں کو آگاہ کیا۔ 

امیتابھ بچن نے اپنے آفیشل بلاگ ’بچن بول‘ پر چاہنے والوں کو آگاہ کیا کہ ان کی طبیعت خراب ہے۔

بالی وڈ شہنشاہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ  ’سرجری ہونی ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پر مزید نہیں لکھ پاؤں گا‘۔

تاہم 78 سالہ بالی وڈ اداکار نے بیماری کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ آخر انہیں کیا ہوا ہے اور ان کی کون سی سرجری ہونی ہے۔

امیتابھ بچن کے اس پیغام کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کی جانب سے اداکار کی جلد صحتیابی کی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ سال اداکار امیتابھ بچن، ابھیشیک اور ان کی اہلیہ اور صاحبزادی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئی تھیں۔