کسی بھی شخص کے لیے سال کا سب سے خاص دن اس کی سالگرہ کا دن ہوتا ہے اور کون ہوگا جو اس دن پر ملنے والے تحائف کو نہ لینا چاہتا ہو لیکن کینیڈا میں 94 سالہ خاتون نے تحفے کے بجائے ایک عجیب فرمائش کرکے سب کو حیران کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کی 94 سالہ خاتون نینا راکٹ نے اپنی سالگرہ کے موقع پر تحفے کے بجائے کورونا ویکسین لگوانے کی فرمائش کر کے سب کو حیران کردیا۔
خاتون کے دروازے پر ایک بینر لٹک رہا ہے جس پر درج ہے کہ ’’میں آج 94 سال کی ہوگئی ہوں، مجھے تحفہ نہیں صرف ویکسین چاہیئے۔‘‘ اس حوالے سے نینا راکٹ کی بیٹی مارگریٹ کا کہنا تھا کہ ویکسین دستیاب نہیں، اس لیے یہ پیغام لکھ کر دروازے پر لگایا ہے۔
کینیڈا میں گزشتہ برس دسمبر سے کورونا ویکسی نیشن جاری ہے تاہم اب تک 94 سالہ نینا راکٹ کی باری نہیں آسکی ہے جس پر وہ مایوسی کا شکار ہیں، وہ کہتی ہیں کہ حکومتی وعدے پورے نہیں ہوئے اور ڈاکٹرز بھی نامکمل معلومات فراہم کررہے ہیں۔
دوسری جانب نینا کی بیٹی مارگریٹ نے تمام عمر رسیدہ افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسی طرح اپنے گھروں پر بھی کورونا ویکسین کی دستیابی کے لیے بینرز آویزاں کریں، شاید حکومت کو آپ کا خیال آجائے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کورونا ویکسین کی تیاری کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے یورپی ممالک سے ویکسین لے رہا ہے اور 7 مختلف سپلائیرز کو 40 کروڑ خوراکوں کا آرڈر دیا ہے۔