ہرجانہ کیس میں اداکارہ کنگنا رناوت کے وارنٹ گرفتاری جاری

مبئی: بھارتی عدالت نے ہرجانہ کیس میں اداکارہ کنگنا رناوت کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ممبئی کی عدالت میں اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کی ہرجانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس میں کنگنا رناوت کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے اداکارہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 22 مارچ کو ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے گزشتہ ماہ فروری میں کنگنا کو یکم مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کنگنا نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ان پر بے بنیاد اور توہین آمیز تبصرے کیے۔

جاوید اختر کی جانب سے درج کی جانے والی شکایت میں کہا گیا ہے کہ کنگنا رناوت نے سشانت سنگھ کی موت کے بعد ان کا نام بالی ووڈ میں ایک ڈرگزگروپ میں گھسیٹا ہے لہذا کنگنا کی جانب سے لگائے گئے ان بے بنیاد تبصروں کی باعث ان کی ساخت متاثر ہوئی ہے۔