چینائی: بھارت میں 24 سالہ پربھو نے رکشے پر ایک پورٹیبل گھر بناکر سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
بھارتی ریاست تمل ناڈو میں 24 سالہ آرکیٹیکچر پربھو نے حیرت انگیز مہارت اور ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے رکشے کی چھت پر ایک گھر بنا دیا۔
گزشتہ برس تیار کیے گئے اس گھر کی شہرت سوشل میڈیا پر ہوئی تو بزنس ٹائیکون دیو آنند بھی حیران رہ گئے۔
پربھو کے رکشے پر بنائے گئے گھر میں بیڈروم، کیچن، ٹوائلٹ، باتھ ٹب اور کام کرنے کی جگہ بھی ہے جب کہ 250 لٹر پانی کی ٹینکی بھی ہے۔
بجلی کے لیے سولر پینل بھی لگایا گیا ہے اور سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی لاگت محض ایک لاکھ روپے ہے۔
پربھو اپنے اس پروجیکٹ کے ذریعے رہائش کے لیے کم جگہ اور کم لاگت سے تیار کردہ گھروں کی تشہیر چاہتے ہیں جس کی بڑے شہروں میں شدید ضرورت ہے اور کم آمدنی والے افراد کے لیے یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔
پربھو کے اس پروجیکٹ کو بزنس ٹائیکون دیو آنند مہندرا نے دیکھا تو تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور پربھو کی رکشے والے گھر کے ساتھ تصویر ٹویٹ کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پربھو کی بھی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا کیوں کہ بزنس ٹائیکون مہندرا نوجوان آرکیٹیکچر سے ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کرچکے ہیں۔