پشاور:خیبرپختونخوااسمبلی نے تمام صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرزصاحبان کیلئے ریڈپاسپورٹ کے اجراء اورصوبائی اسمبلی ہال کو پولنگ سٹیشن میں تبدیل کرنے سمیت تین قراردادوں کی متفقہ طورپر منظوری دیدی۔
پیر کے روز پی پی کی رکن نگہت یاسمین نے پہلی قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اسمبلی صوبائی حکومت سے سفارش کرتی ہے کہ وہ وفاق سے اس امر کی سفارش کرے کہ سپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی طرز پرتمام صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرزکوڈپلومیٹک یعنی ریڈپاسپورٹ جاری کیاجائے۔
سپیکرمشتاق غنی کی ہدایت پر وزیرمحنت شوکت یوسفزئی نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ تین مارچ کو سینیٹ کے انتخابات منعقد ہورہے ہیں اس لئے اسمبلی ہال کو پولنگ سٹیشن میں تبدیل کردیاجائے ایوان نے قراردادکی متفقہ طور پر منظوری کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کو پولنگ سٹیشن میں تبدیل کردیا۔
ن لیگ کے رکن سردارادریس نے قراردادپیش کی کہ سوات میں سیروسیاحت کے مراکز ہیں ملم اورمیاندم سیاحت کیلئے بہت موزوں ہے لیکن ملم جبہ ٹی ایم اے اور میاندیم ٹی ایم اے دفاتر کافی دور ہیں ناگہانی آفت میں امدادی ٹیموں کی رسائی میں مشکلات پیش آرہے ہیں لہٰذایہ اسمبلی صوبائی حکومت سے سفارش کرے کہ مذکورہ علاقوں میں ریسکیواورٹی ایم اے کے دفاترکھولنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
پی ٹی آئی رکن فہیم احمدنے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت نے ریاستی جبراورظلم کی مثال قائم کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ پربربریت کی تاریخ رقم کردی ہے انہوں نے مطالبہ کیاکہ اپوزیشن لیڈر کو تحفظ فراہم کیاجائے اور سندھ حکومت ریاستی جبرکوختم کرے۔