کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کے 16 مارچ تک کے میچز 50 فیصد تماشائیوں کےساتھ ہی ہوں گے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فواد احمد اور تین لوگ جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں وہ 10 روز تک قرنطینہ میں رہیں گے، ان کے دوبارہ جمعرات کو ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 244 ٹیسٹ میں سے تین کیسز مثبت آئے جنہیں فوری قرنطینہ کردیا، نیشنل اسٹیڈیم اور براڈ کاسٹنگ اسٹاف کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، اس وقت بائیو سکیور ببل میں 300 لوگ ہیں۔
ڈائریکٹر میڈیا کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، ہوٹل اور گراؤنڈ سمیت سب جگہ سخت کوشش کررہے ہیں، آج تین بجے ایک ورچوئل کانفرنس ہورہی ہے جس میں بہت ساری چیزوں پر فیصلے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 50 فیصد تماشائی میدان میں آئیں گے، فائنلز کا فیصلہ بعد میں ہوگا، 16 مارچ تک کےمیچز 50 فیصد تماشائیوں کے ساتھ ہوں گے۔