سینیٹ الیکشن، خیبرپختونخوا اسمبلی کیلئے سکیورٹی پلان تیار

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں کل ہونیوالے سینیٹ انتخابات کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیدیاگیا جبکہ اسمبلی چوک کو انتہائی حساس قراردیکر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

 سینیٹ انتخابات کیلئے 274 اہلکار اور افسران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے سکیورٹی پلان کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ شہر میں موبائل اور رائیڈرز سکواڈ کا گشت بھی بڑھادیاگیا ہے۔

فول پروف سکیورٹی کی خاطر حساس اور اہم مقامات، سرکاری املاک و دفاتر کی بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے سکیورٹی پلان کے تحت فول پروف سکیورٹی کی خاطر لیڈیز پولیس بھی خدمات انجام دینگی۔

سکیوٹی پلان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئیک رسپانس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

حکام کی جانب سے سماج دشمن عناصر اور دیگر جرائم پیشہ عناصر پر بھی خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام تمام سکیورٹی انتظامات کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے مانیٹر کئے جائیں گے۔