افغانستان میں نجی ٹی وی چینل کی تین خواتین ورکرز قتل

جلال آباد: افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک مقامی ٹیلی ویژن کی تین خواتین کارکن جاں بحق ہوگئیں۔ 

افغان حکام کے مطابق انعکاس ٹی وی کی خواتین کارکنوں پر جلال آباد میں دو مقامات پر حملہ کیا گیا۔

 انعکاس ٹی وی نے بھی اپنی تین خواتین کارکناں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حملوں میں ایک خاتون کارکن زخمی بھی ہوئی  ہے۔ کسی بھی گروپ نے تاحال حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ 

افغانستان کے مرکز کابل اور دیگر شہروں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہوا ہے جس میں صحافیوں، انسانی حقوق تنظیموں کے کارکنان اور خواتین سماجی کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

 ان حملوں میں اکثریت کی کسی  نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور طالبان نے ان حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے تاہم افغان حکام ان حملوں میں طالبان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہیں۔