ڈیل اسٹین کے آئی پی ایل کے خلاف بیان پر بھارتی آگ بگولہ ہوگئے

لاہور: ڈیل سٹین کی جانب سے آئی پی ایل میں دولت کو ترجیح دیے جانے کے بیان کے بعد بھارتی جنوبی افریقی بولر کے پیچھے پڑ گئے۔

 گزشتہ روز ایک انٹریو میں جنوبی افریقی سٹار فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے ایک سوال پر کہا تھا کہ میں آئی پی ایل سے رخصت چاہتا تھا اسی لئے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، دیگر لیگز میں کھیل کر آپکو بطور پلیئر بہتر صلہ اور اطمینان ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی لیگ میں بڑے سکواڈز اور بڑے نام ہوتے ہیں اور وہاں سب سے زیادہ زور اس بات پر ہوتا ہے کہ کون کتنا پیسہ کما رہا ہے، اس صورتحال میں لوگ کرکٹ کو بھول جاتے ہیں۔

 پی ایس ایل اور لنکن لیگ میں کرکٹ کو پیسے سے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے، مجھے پاکستان آئے چند روز ہی ہوئے ہیں لیکن کمرے کے اندر اور باہر لوگ صرف کرکٹ کی بات کرتے ہیں، وہ جاننا چاہتے ہیں کہ میں کہاں اور کیسا کھیلا۔

ڈیل سٹین نے بتایا کہ آئی پی ایل میں جاؤں تو وہاں کرکٹ کو بھلا کر یہی سوال ہوتا ہے کہ اس ایونٹ سے کتنی دولت کماؤ گے، تلخ بات دیانتداری سے کہہ رہا ہوں کہ میں اس رویہ سے دور رہتے ہوئے اچھی کرکٹ، اچھی ٹیموں اور ٹورنامنٹس پر توجہ دینا چاہتا ہوں، میرے نزدیک یہ چیز قابل قدر ہے۔

 ڈیل سٹین کی جانب سے آئینہ دکھانے پر بھارتیوں کے تن بدن میں آگ لگ گئی، کئی بھارتی ٹی وی چینلز اور اخبارات نے ان کا یہ انٹرویو استعمال کیا اور بھارتی ڈیل سٹین سے خاصے ناراض نظر آئے۔