فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ سروس انسٹا گرام نے لائیو رومز کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے جس سے بیک وقت 4 افراد لائیو اسٹریم کر سکیں گے۔
فیس بک کی زیر ملکیت ایپ کے سربراہ ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ اس فیچر کا مطالبہ کافی عرصے سے صارفین کی جانب سے کیا جارہا تھا۔
انسٹا گرام میں لائیو اسٹریمنگ کا آپشن تو کافی عرصے سے موجود ہے، جس میں کچھ عرصے پہلے ایک اور دوست کو ایڈ کرنے کی سہولت کا اضافہ کیا گیا تھا۔
اب کمپنی کا کہنا تھا کہ ایک صارف دیگر 3 افراد کے ساتھ بیک وقت لائیو اسٹریم کرسکتا ہے۔ اس فیچر کی آزمائش دسمبر 2020 میں شروع ہوئی تھی اور لگ بھگ 3 ماہ بعد اسے متعارف کروا دیا گیا۔
اسے استعمال کرنے کے لیے ایپ اوپن کر کے انسٹا گرام کیمرا اوپن کریں یا نیچے پلس کے آئیکون پر کلک کریں، وہاں موجود آپشنز میں لائیو کا انتخاب کریں۔
لائیو اسٹریم میں ٹائٹل کا اضافہ کرنے کے بعد رومز کے آئیکون پر کلک کرنا ہوگا اور پھر لائیو براڈکاسٹ کے مہمانوں کو شامل کرنا ہوگا۔ انسٹا گرام صارفین اپنی لائیو ویڈیو کے دوران بھی کسی فرد کو سرچ کر کے ایڈ کر سکتے ہیں۔
انسٹا گرام میں کریٹیئر اس نئے فیچر سے آمدنی بھی حاصل کر سکیں گے کیونکہ کمپنی کی جانب سے ویوروز کو کریٹیرز کے بیجز خریدنے کی اجازت دی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ اس سے کریٹیئرز زیادہ صارفین تک رسائی حاصل کرسکیں گے اور فالورز بھی بڑھ سکتے ہیں۔