ممبئی: بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے خود پر ہونیوالی تنقید کا جواب دیتے ہوئے بھارتیوں کی تیزی سے بڑھتی منفی سوچ پر مداحوں کو کھری کھری سنائی گئی ہیں۔برطانوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے اپنے ہی ملک کے عوام میں بڑھتی نفرت اور منفی سوچ سے متعلق بات کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ انہیں بہت سے لوگوں کی جانب سے تحفظ کا احساس ہوتا ہے جبکہ بہت سارے لوگوں کے سرد لہجے بھی وہ محسوس کرتی ہیں، بہت سارے لوگ ان کے لیے منفی سوچ رکھتے ہیں جو کہ وہ محسوس کر سکتی ہیں، انہیں بہت لمبے عرصے سے جاننے والے لوگ بھی ان پر بلا وجہ تنقید کرتے ہیں۔
پریانکا چوپڑا نے کہاکہ ہالی ووڈ انڈسٹری میں پہلے ہی بہت کم بھارتی فنکار کام کر رہے ہیں جنہیں انگلیوں پر گنا جا سکتا ہے، ہم نے یہ مقام اپنی محنت اور کوشش سے حاصل کیا ہے اور دوسروں کے لیے بھی مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تو پھر بھی ہمارے لیے اتنی منفی سوچ کیوں رکھی جاتی ہے۔انہوں نے بھارتی عوام سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے خود پر ہونے والی تنقید سے متعلق مزید کہا کہ جب آپ کچھ بولتے ہیں تو آپ کے بیان پر خوب تبصرہ کیا جاتا ہے اور یہ ایک ہاٹ ٹاپک بن جاتا ہے۔