کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 6 میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کو ملتوی کردیا ہے۔
پی سی بی اور ٹیم مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکاءکی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔
دوسری جانب پی سی بی کے فیصلہ سے چند گھنٹے قبل کراچی کنگز کے آسٹریلوی کھلاڑی ڈینیئل کرسٹین نے پی ایس ایل 6 سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا جس کی تصدیق پی سی بی نے خود کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کے آل راو¿نڈر ڈین کرسٹین دبئی روانہ ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے بولنگ کوچ وسیم اکرم بھی پی ایس ایل چھوڑنے کے حوالے سے مشاورت کررہے تھے کیوں کہ ڈاکٹرز نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ فوراً لیگ چھوڑدیں کیوں کہ ذیابطیس کی وجہ سے انہیں خطرہ ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ یہ تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔
ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کے روز ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے منعقدہ ڈبل ہیڈر میچز میں شرکت نہیں کی۔ ان تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونے کے بعدان کے کورونا ٹیسٹ گذشتہ روز دوپہر میں کروائے گئے تھے۔
لاہور قلندرز فرنچائز کے سی ای او عاطف رانا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی سی بی بائیوسکیور ببل کے پروٹوکولز پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا۔ ایک فرنچائز کے مالک کو کھلاڑیوں کو گلے لگانے پر بھی معاف کر دیا گیا۔
عاطف رانا نے کہا کہ بورڈ کو صرف کاغذی بائیو سکیور ببل نہیں بنانا بلکہ اس پر ہوٹل اور وینیو میں عمل درآمد کروانا تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔عاطف رانا نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے تھا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں یا آفیشلز پر جرمانے عائد کیے جاتے۔
میچز ملتوی ہونے پر مایوسی کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے پہلے ہی پی سی بی سے کہا تھا کہ کورونا کی وبا کے دوران ایونٹ کا انعقاد نہ کیا جائے، بورڈ نے ان کی نہیں سنی اور دیگر فرنچائز کی مشاورت سے ایونٹ کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا، اس صورتحال میں سخت احتیاط برتے جانے کی ضرورت تھی مگر غفلت کا مظاہرہ سامنے آیا۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 7 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہے جب کہ پی سی بی کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین لگانے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔
20 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں کل تک 14 میچز کھیلے گئے ہیں جس میں کراچی کنگز 6 پوائںٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ پشاور زلمی بھی 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس لینے میں کامیاب رہی تاہم وہ رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز 6،6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب لیگ میں واحد میچ جتینے والی ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2,2 پوائنٹس کے ساتھ بالتریب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
واضح رہے پی ایس ایل 6 کے تمام میچز 7 مارچ تک کراچی میں ہونا تھے اور دیگر میچز لاہور میں شیڈول تھے تاہم کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے گزشتہ روز ہی لاہور سے میچز کراچی منتقل کرنے پر غور کیا گیا تھا۔