پی ٹی آئی رکن بیٹے کی بارات چھوڑ کر وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے پہنچ گئے

اسلام آباد:پی ٹی آئی کے رکن  چوہدری جاوید اقبال وڑائچ  بیٹے کی بارات چھوڑ کر وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے پہنچ گئے۔

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعدچوہدری جاوید اقبال وڑائچ  وزیراعظم کے پاس گئے اور ان سے جانے کی اجازت مانگی جس پر وزیراعظم نے انہیں تھپکی دی اور  جانے کی اجازت دیدی۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا،وزیراعظم کی جانب سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے متعلق اہم اجلاس میں پی ٹی آئی کے این اے179سے رکن  چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے  بیٹے کی  بارات  کے باوجود شرکت کی۔

وزیراعظم پر اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد رکن نور عالم خان نے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ کو بلایا اور کہا اب آپ کا کام مکمل ہوگیا اب آپ چلے جائیں آپ کے بیٹے کی بارات ہے۔

اس کے بعدچوہدری جاوید اقبال وڑائچ  وزیراعظم کے پاس گئے اور ان سے اجازت مانگی جس پر وزیراعظم نے انہیں تھپکی دی اور  جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا  کی آپ فوری پہنچیں اور اپنے بیٹے کو میری طرف سے بھی مبارکباد دیں۔