خواتین کے عالمی دن پر عور ت مارچ کے حوالے سے بنائی گئی ویب سیریز ’’عورت گردی‘‘ کا پہلا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا۔
فلم عورت گردی کا پہلا ٹیزر ای میکس میڈیا کی جانب سے لانچ کیے گیے پاکستان کے پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم اردو فلکس کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر حال ہی میں شیئر کیا گیا ہے۔
ٹیزر میں اداکارہ و میزبان جویریہ سعود اور اداکار علی خان کو عورت مارچ میں سرگرم متنازع نعرے ’میرا جسم میری مرضی‘ پر بحث کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹیزر میں موجود مرد و خواتین ہاتھ میں عورت مارچ کے حوالے سے پلے کارڈز اٹھائے عورت مارچ زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔
شیئر کیے گئے ٹیزر کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے فلم خواتین کے عالمی دن پر نکالی جانے والی عور ت مارچ پر مبنی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عورت گردی کا پریمیئر 2 اپریل 2021 کو اردو فلکس پر ریلیز کیا جائے گا، ویب سیریز عورت گردی اویس سلمان کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی فلم ہے جب کہ فلم کے پروڈیوسر راؤ ایاز شہزاد اور ایگزیکٹو پروڈیوسر فرحان گوہر ہیں۔
خیال رہے کہ اردو فلکس کو حال ہی میں لانچ کیا گیا ہے جس کے بعد اردو فلکس اپنے صارفین کو پہلے سے مشہور ڈرامے اور فلموں کی اسٹریمنگ کی بھی پیشکش کرے گا۔
لانچنگ سے قبل اردو فلکس کے بانی فرحان گوہرکا کہنا تھا دنیا بھر میں آن ڈیمانڈ اسٹریمنگ کلچر کے اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم بھی پاکستانی مواد کو عالمی سطح پر پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔