اسلام آباد:کینیڈین خاتون بائیکر روزی گیبریل نے پاکستانی بائیکر سے شادی کر لی۔
گزشتہ سال دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی کینیڈین بائیکر اور بلاگر روزی گیبریل پاکستانی بائیکر اور بلاگر عدیل عامر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ عدیل عامر کا تعلق لاہور سے ہے۔
گزشتہ روز روزی گیبریل نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں اب شادی شدہ ہوں اور میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں پاکستان آؤں گی اور مجھے نہ صرف اس ملک سے بلکہ کسی خاص شخص سے بھی پیار ہو جائیگا۔
انہوں نے لکھا کہ ساری زندگی میں نے ایسے شخص کی تلاش کی جو میرا بہترین دوست اور ساتھی ہو اور اسی لیے میں پاکستان آئی اور وہ مجھے مل گیا۔ جو نہ صرف میرا ہمسفر بلکہ میرا بہترین دوست بھی ہے اور اس سے میں بے حد محبت کرتی ہوں۔
روزی گیبریل نے لکھا کہ یہ ایک ایسا شخص ہے جسے میں اپنی ہر بات بلا جھجھک بتا سکتی ہوں اور وہ مجھ سے غیر مشروط محبت کرتا ہے۔خدا نے میرے شوہر کے روپ میں مجھے زندگی کا بہترین تحفہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ خاتون بائیکرروزی گیبریل نے کچھ عرصہ قبل اسلام قبول کیا تھا، روزی گیبریل موٹر سائیکل پر پورا پاکستان گھوم چکی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان سے گلگت بلتستان تک کے علاقے ایکسپلور کیے اور بہت متاثر ہوئیں۔