کینیڈین موٹر سائیکلسٹ اور بلاگر روزی گیبریل کی اچانک شادی کی خبر نے جہاں سوشل میڈیا صارفین کو چونکایا وہیں اپنی شادی میں دیسی اسٹائل اپنا کر انہوں نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں۔
روزی نے اپنی شادی کے دن روایتی مشرقی سرخ عروسی جوڑا زیب تن کیا جبکہ دولہے نے شیروانی کا انتخاب کیا۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں روزی نے کہا کہ اپنی زندگی کے اس اہم اور بڑے دن میں نے روایتی لباس اور لُک کا انتخاب کیا۔
انہوں نے پاکستانی شادیوں کو باکمال اور شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں شادیوں پر رقص بہت پسند ہے۔
کینیڈین بلاگر نے آج کل مقبول ہوتے ’پاوری ٹرینڈ‘ کو بھی اپنی شادی کا حصہ بنایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز روزی نے باضابطہ طور پر شادی کا اعلان کرتے ہوئے ایک ایک طویل کیپشن کے ساتھ پوسٹ شیئر کی تھی۔
روزی کا کہنا تھا کہ میں اب شادی شدہ ہوں! میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں پاکستان آؤں گی اور مجھے اس ملک سے پیار ہوجائے گا، ناصرف اس ملک اور اس کے عوام سے بلکہ خاص طور پر ایک خاص شخص سے بھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس انسٹاگرام پر روزی نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ہاتھ میں قرآن مجید تھامے تصویریں اپلوڈ کی تھیں اور مذہب تبدیل کرکے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کیا تھا۔
کینیڈین بلاگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی سے مسلم ممالک میں سفر کے دوران انہوں نے دیکھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔