احسن خان کا پیچھا کرنیوالی لڑکیوں کیساتھ سیلفی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول

پاکستان کے معروف اداکار و میزبان احسن خان نے موٹر بائیک پر پیچھا کرنے والی لڑکیوں کے ہمراہ سیلفی لی اور ویڈیو بھی بنائی۔

اپنی جاندار اداکاری سے پاکستان سمیت بیرون ملک مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والے اداکار احسن خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

احسن خان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو لڑکیاں موٹر بائیک پر اُن کی گاڑی کا پیچھا کر رہی ہیں۔

ویڈیو میں احسن خان اپنا پیچھا کرنے والے لڑکیوں سے پوچھ رہے ہیں کہ وہ اُن کے پیچھے کیوں آ رہی ہیں ؟ کیا ہو گیا ہے ؟ جس پر موٹر بائیک سوار لڑکیوں کا کہنا ہے کہ وہ احسن خان کی بہت بڑی فین ہیں، اُن سے ملنا اور اُن سے باتیں کرنا چاہتی ہیں اور آج اُن کی یہ دعا قبول ہو گئی ہے۔

ویڈیو میں موٹر بائیک سوار لڑکیوں کی جانب سے احسن خان کے ساتھ سیلفی لینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا ہے جس پر احسن خان ویڈیو میں کہتے نظر آ رہے ہیں کہ وہ اپنی گاڑی ایک طرف پارک کر رہے ہیں اور پھر سیلفی لیں گے۔

احسن خان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے اس کیپشن میں خواتین کو ’ویمن ڈے‘ کی مبارکباد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔