یمن، حراستی مرکز میں آتشزدگی سے 60افراد جاں بحق

صنعا:یمن کے دارالحکومت صنعا میں امیگریشن حراستی مرکز میں میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 60 ہوگئی ہے۔

حوثی گروپ کے ایک سکیورٹی افسر نے منگل کے روز مقامی میڈیا کو بتایا کہ آگ سے 100 سے زائد افراد  زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اس افسرنے بتایا کہ آگ کے ساتھ ساتھ اس مرکز پر گنجائش سے زیادہ افراداور افراتفری بھی  بھاری جانی نقصان کا سبب بنی ہے۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ آگ سے متاثر ہونے والوں  میں افریقی تارکین وطن اور مرکز کا عملہ دونوں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حوثی گروپ نے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایک کمیشن تشکیل دیا ہے۔

افسر کے مطابق  یہ مرکز ان تارکین وطن کو رکھنے کے لئے قائم کیا گیا ہے جو ملک بدر کئے جانے کے عمل کے آغاز سے قبل غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے تھے۔

بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین (آئی او ایم)نے  پیر کی شام جاری ہونے والے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ آگ نے صنعا میں حوثی گروپ کے حکام کے زیر کنٹرول مرکزکو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جبکہ آگ میں زخمی ہونے والے تارکین وطن تک فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسائی  کا مطالبہ کیا گیا ہے۔