ہواوےنے اپنے سمارٹ فونز کیلئے آپریٹنگ سسٹم تیار کرلیا

بیجنگ: موبائل فون اور دیگر ڈیوائسز بنانے والی چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے اب اپنے فون میں خود کا تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم ‘ہارمونی او ایس’ نصب کرنے جارہی ہے۔


غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پی 50 ہواوے کا وہ پہلا فون ہوگا جس میں اینڈرائیڈ کے بجائے کمپنی کا ہی تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس ڈالا جائے گا، ممکنہ طور پی ففٹی کی تمام سیریز میں یہ سسٹم نصب ہوگا۔

امریکا کی جانب سے پابندیوں کے باعث ہواوے نے 2019 میں اپنا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا تھا لیکن اب تک کسی بھی اسمارٹ فون میں یہ سسٹم نصب نہیں کیا گیا، لیکن اب کمپنی نے اینڈرائیڈ کا متبادل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہواوے نے اپنی فلیگ شپ فون پی 50 میں ہارمونی او ایس 2.0 بیٹا کا کامیاب تجربہ کیا اور اب 3 بیٹا کی آزمائش جاری ہے۔

خیال رہے کہ ہارمونی او ایس کو ہواوے کے دیگر فلیگ شپ فونز میں بھی آزمایا جاچکا ہے لیکن اب امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ پی ففٹی میں اینڈرائیڈ کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی 50 سیریز کے فونز مارچ میں متعارف کرائے جائیں گے۔