بھارتی اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر 13 سال بعد ویب سیریز کے ساتھ بالی ووڈ میں واپسی کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر ایک بار پھر بالی ووڈ میں واپسی کے لیے پرجوش ہیں تاہم اس بار وہ کسی فلم میں نہیں بلکہ ویب سیریز میں نظر آئیں گی۔
ایک انٹرویو میں ارمیلا نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل میں ویب سیریز کی شوٹنگ شروع ہونا تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے جب کہ میں پروجیکٹ کے شروع ہونے کا بے تابی سے انتظار کررہی ہوں۔
ارمیلا ماتونڈکر کا کہنا تھا کہ میرا انتہائی شاندار کرئیر رہا ہے لہذا جب تک یہ پراجیکٹ شروع نہیں ہوتا میں کسی اور چیز کا حصہ نہیں بن سکتی، لیکن اگر یہ پراجیکٹ شروع نہیں ہوا تو مجھے یقین ہے کہ اس سے بھی زبردست چیزیں میری زندگی میں آئیں گی اور مداح مجھے یقینی طور پر بڑی اسکرین پر دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ ارمیلا ماتونڈکر فلم’’جدائی‘‘، ’’رنگیلا‘‘، ’’جانم سمجھا کرو‘‘،’’مست‘‘،’’دل دلگی‘‘ سمیت متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کرچکی ہیں۔
آخری بار وہ 13 سال قبل 2008 میں ہمیش ریشمیا کے ساتھ فلم’’قرض‘‘میں نظر آئی تھیں تاہم 2018 میں فلم بلیک میل میں انہوں نے آئٹم نمبر کیا تھا۔