محکمہ موسمیات نے فروری 2021 کو پاکستانی تاریخ کا تیسرا گرم اور خشک ترین مہینہ قرار دے دیا۔
محکمہ موسمیات نے اپنی ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کا فروری کا مہینہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ گرم اور خشک ترین فروری کے مہینوں میں سے ایک رہا ہے، 1961 کے بعد فروری 2021 پاکستان کا تیسرا خشک ترین مہینہ تھا، جس میں اوسطاً 84 فی صد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق فروری میں درجۂ حرارت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ملک میں ماہانہ اوسط درجۂ حرارت 3.35 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا جو 16.67 ڈگری سینٹی گریڈ اوسط رہا۔ جب کہ 26 فروری کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی نواب شاہ میں 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، جب کہ 27 اور 28 فروری کی درمیانی رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جو اس ماہ کی گرم ترین رات تھی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض کا کہنا ہے کہ عام طور پر ملک میں جنوری، فروری اور مارچ کے مہینوں میں بارشیں ہوتی ہیں، لیکن اس بار مغرب سے بارش کے سسٹم کم بن کر آئے جس کے باعث بارشیں نہ ہونے کے براہر رہیں۔