گوہر خان بھارتی میڈیا پر بھڑک اٹھیں

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان جھوٹی خبر شیئر کرنے پر اپنے ہی میڈیا پر بھڑک اٹھیں۔

’ ونس اَپون ٹائم ان ممبئی‘، ’عشق زادے‘، ’کیا کول ہیں ہم تھری‘، ’فیور‘، ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘، ’بیگم جان‘ اور ’تیرا انتظار‘ سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ گوہر خان کے والد ظفر احمد کا چند روز قبل ہی انتقال ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ صدمے میں مبتلا ہیں۔

آج کل وہ اپنے والد کی یاد میں سوشل میڈیا پر اُن کی یادگار تصاویر شیئر کر رہی ہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی انہیں دلاسہ دے رہے ہیں۔ تاہم اس موقعے پر بھی ر بھارتی میڈیا اداکارہ سے اظہار ہمدردی  کے بجائے جھوٹی خبریں پھیلانے میں مصروف ہے جس پر اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو کھری کھری سنا دیں۔

بھارتی چینل نے ٹوئٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ گوہر خان کے شوہر اُن سے 12 سال چھوٹے ہیں اور یہ اطلاع بھی دی کہ  اداکارہ  3 ماہ سے حاملہ بھی ہیں۔

 

گوہر خان نے ٹوئٹر پر بھارتی چینل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ تمھارا دماغ خراب ہے اور فیکٹس(معلومات) بھی!  شوہر کی مجھ سے 12 سال چھوٹے ہونے کی خبر جھوٹی ہے جوکہ کافی پرانی بھی ہو گئی ہے۔ اس لیے کچھ لکھنے سے پہلے حقائق جان لیا کریں۔

بگ باس سیزن 7 کی فاتح گوہر خان نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے والد کو کھویا ہے اس لئے آپ لوگ بے بنیاد خبروں سے پرہیز کریں۔ اور جہاں تک میری بات ہے تو میں واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ میں حاملہ نہیں ہوں۔ شکریہ