نئی دہلی: بھارت کی مشرقی ریاست بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی حملے میں شدید زخمی ہوگئی ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی پر نندی گرم کے علاقے میں اس وقت حملہ ہوا جب وہ آنے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بطور امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرانے الیکشن آفس پہنچی تھیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ممتا بینرجی پر گاڑی میں داخل ہوتے وقت حملہ کیا گیا جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق وزیراعلی ٰکے محافظ انہیں فوری طور پر لے کرہسپتال روانہ ہوئے ہیں لیکن اس وقت وہ مکمل طور پر بیہوش تھیں۔
66 سالہ ممتا بینر جی کو اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور ان کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ممتا بینرجی نے ہسپتال سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چار سے پانچ تھی لیکن محافظوں کی وجہ سے وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکے۔