واشنگٹن: امریکہ نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون نے میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ مذاکرات میں پیش رفت کے بارے میں ایران کے ردعمل کی منتظر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی مندوبین ایران کے حوالے سے بات چیت اور مشاورت کر رہے ہیں۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے نشاندہی کی کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے امریکا اور اس کے اتحادیوں میں اتفاق رائے موجود ہے۔پچھلے مہینے جیک سولیون نے اعلان کیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن پر عزم ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سفارت کاری بہترین طریقہ ہے۔سولیون نے کہا کہ تہران نے ابھی تک امریکا اور یورپ کی ثالثی کے ساتھ بات چیت کرنے کی پیش کش پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ایران اب سفارتی تنہائی کا شکار ہے اور اب گیند ایران کے کورٹ میں ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ بائیڈن اب بھی ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔
اب یہ فیصلہ ایران کو کرنا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کا معاملہ حل کرنا چاہتا ہے یا مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرتا ہے۔