لندن: برطانوی شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے اوپرا ونفرے کو دئیے گئے متنازعہ انٹرویو کا طوفان ابھی تھما ہی نہیں تھا کہ ایک اور بڑا انکشاف منظر عام پر آگیا ہے۔
یہ انکشاف کسی برطانوی صحافی نہیں ہی کیا بلکہ شاہی مدیر اومڈ اسکوبی کی جانب سے سامنے آیا ہے۔
شاہی مدیر اومڈ سکوبی نے امریکی میگزین ہارپربازار کے لیے لکھی جانے والی اپنی تحریر میں انکشاف کیا ہے کہ میگھن مارکل کو محل میں بالکل تنہا کردیا گیا تھا انہیں اپنی ماں ڈوریا رگلینڈ کے ساتھ کافی پینے کے لیے محل سے باہر جانے کی بھی اجازت نہ تھی۔
اسکوبی نے لکھا کہ میگھن کی تنہائی ان کی والدہ کے لیے پریشانی کا باعث تھی، میگھن کی والدہ ڈوریا رگلینڈ 2019 میں جب فروگمور کوٹیج میں میگھن سے ملنے گئیں تو یہ بات ان کے لیے بہت حیران کن تھی کہ وہ اور اُن کی بیٹی ایک ساتھ کافی کے لیے بھی باہر نہیں جاسکے اور اس وقت ڈوریا نے میگھن سے کہا کہ آپ یہاں پھنس گئی ہیں۔
اسکوبی نے امریکی میگزین میں لکھا کہ دوستوں کے ساتھ باہر کھانے کے لیے جانے سے میگھن کے حوصلے بلند ہوسکتے تھے لیکن شاہی محل کی جانب سے میگھن کے سماجی سفر پر پابندی عائد تھی کیونکہ شاہی خاندان اور ان کے معاونین کا کہنا تھا کہ اس سے ان کی شاہی حیثیت پر فرق پڑے گا۔
ونفرے کو دیئے گئے انٹرویو میں میگھن نے کہا تھا کہ وہ شاہی خاندان کا حصہ بن کر تنہا ہوگئیں۔ ڈچزآف سسیکس نے یہ بھی بتایا تھا کہ انہیں دوستوں کے ساتھ باہر کھانے کے لیے جانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے شاہی خاندان پر نسی تعصب کے الزاما ت بھی عائد کیے تھے۔میگھن کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزاد ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے وہ اچھا محسوس کررہی ہیں کہ کوئی ان کی ٹوہ میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ہیری اور میگھن کے اوپرا ونفرے کو دیئے گئے تہلکہ خیز متنازعہ انٹرویو نے ان کی مقبولیت کو ریورس گیئر لگادیا ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق اوپرا ونفرے کو دیئے گئے تہلکہ خیز متنازعہ انٹرویو کے بعد ہیری کی مقبولیت میں پندرہ اور میگھن کی مقبولیت میں تیرہ پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے، اس کمی کے ساتھ ہی شہزادہ ہیری اور میگھن کی مقبولیت کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
سروے کے مطابق ملکہ برطانیہ کی مقبولیت کا گراف شاہی خاندان کے تمام افراد میں سب سے بلند ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم بیٹ کے انٹرویو کے بعد سے شہزادہ چارلس حیران اور مایوس کن کیفیت کا شکار ہیں جبکہ پوتے کے انٹرویو کے بعد ملکہ برطانیہ نے پہلی بار ورچول سائنس سیشن میں شرکت لیکن خاندان کو درپیش بحران کا کوئی ذکر نہیں کیا۔