عدنان صدیقی کا بھارتیوں کو برداشت کی عادت اپنانے کا مشورہ

لاہور: اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں میں برداشت زیادہ ہے اور بھارتیوں کو بھی اپنی برداشت بڑھانی چاہیے۔

یوٹیوب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ سیاست اور فنون لطیفہ بالکل الگ چیزیں ہیں، فنکار کا تعلق سیاست سے نہیں ہوتا، اس کا کام لوگوں کو تفریح پہنچانا ہے۔ ہم بھارتی فلمیں اور بھارتی عوام پاکستان کے ڈرامے بہت شوق سے دیکھتے ہیں۔

اگر برداشت کی بات کی جائے تو بھارت کے مقابلے میں پاکستانیوں میں زیادہ برداشت ہے۔ بھارتی حکومت کو ایک فنکار کی دوسرے فنکار سے ذاتی دوستی بھی برداشت نہیں ہورہی۔ بھارت والوں تھوڑی برداشت بڑھاؤ۔

سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’موم‘ کی شوٹنگ نئی دہلی اور ممبئی میں ہوئی تھی، وہ میرے کیرئیر کی تیسری اور سری دیوی کی 300 ویں فلم تھی، پہلے دن اپنے سیٹ پر جارہا تھا اور فلم کے پروڈیوسر بونی کپور نے ان کا تعارف کرایا۔

یہ سری دیوی کی عاجزی تھی کہ وہ مجھے عدنان جی کہہ کر بلاتی تھیں، میں فلم میں کام کرنے کے لیے پوری تیاری کے ساتھ گیا تھا ۔ مکالموں کی ادائیگی کی تیاری بھی کررکھی تھی ، اس لئے ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے بالکل بھی گبھراہٹ نہیں ہوئی۔

فلم سازی کے حوالے سے عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر میں فلم بناؤں گا تو وہ جیمز بونڈ جیسی جاسوسی فلم ہوگی اور مرکزی کردار میں ادا کروں گا۔ جاسوسی فلموں میں ہیرو کی کئی ہیروئنز ہوتی ہیں۔