سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیان میں دھماکہ خیز مواد اور گولیاں اور پیلٹ استعمال کرکے کئی مکانوں کو اڑادیا جس سے دوکشمیری نوجوان شہید اوردرجنوں زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کی میتیں ضلع کے علاقے راولپورہ میں گزشتہ تین روز سے جاری تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائیوں کے دوران تباہ کئے گئے مکانوں کے ملبے سے ملی ہیں۔
پیر کو ملبے سے دوسرے نوجوان کی لاش ملتے ہی فوجیوں نے سوگواران پر گولیوں اور پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال کرکے دودرجن سے زائد افراد زخمی کردیئے۔
تین نوجوانوں جن کی آنکھیں پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئی ہیں کی بصارت کھونے کا خدشہ ہے۔ زخمی نوجوان جن میں سے بیشتر کی عمریں 18سے22سال کے درمیان ہیں سرینگر کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
فوجیوں نے علاقے میں متعدد گھروں کو آگ بھی لگا دی۔ بھارتی فوج کی اس ظالمانہ کارروائی کے خلاف علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے۔
بھارتی پولیس کے آئی جی وجے کمار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شہید کئے گئے دونوجوانوں میں مجاہد کمانڈر ولایت لون المعروف سجاد افغانی شامل ہیں۔
قابض انتظامیہ نے ضلع شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔ فوجیوں نے بارہمولہ اور بڈگام کے اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں بھی شروع کیں۔
غلام محمد خان سوپوری، عبدالصمد انقلابی، محمد احسن انتو، جموں و کشمیرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی،جموں و کشمیر ماس موومنٹ اور جموں و کشمیریوتھ سوشل اینڈ جسٹس لیگ سمیت حریت رہنماؤں، تنظیموں اور انسانی حقوق کارکنوں نے شوپیان میں نوجوانوں کے قتل،مکانات کو تباہ کرنے اورطاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اخلاقی جنگ ہارنے کے بعدبھارت کشمیریوں سے بدلہ لینے کیلئے ظالمانہ ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔
ادھر بھارت میں حکمران بی جے پی کے آلہ کاروسیم رضوی کے توہین آمیز اقدام کے خلاف مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقوں سوپور، گول،چندرکوٹ اور مٹن میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈر زاٹھا رکھے تھے اوروہ رضوی اور اس کے بھارتی آقاؤں کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔
آل کشمیر شہرخاص ٹریڈرز کوآرڈی نیشن کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سرینگر میں لوگ بطور احتجاج کل اپنے گھروں اور دکانوں میں بلیک آؤٹ کریں گے۔
حریت رہنما دیویندر سنگھ بہل نے نوشہرہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت اقلیتوں کو کچلنے کے ایجنڈے پر عمل پیراہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مسلمانوں کو تقسیم کرنے کے لئے مذہبی کارڈ کا استعمال کر رہی ہے۔ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے پرامن سوگواران پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے خلاف پاسبان حریت جموں و کشمیر نے مظفرآباد میں احتجاجی ریلی نکالی۔