پشاور، بجلی چوری روکنے کیلئے سمارٹ میڑ کے منصوبے کا آغاز 

پشاور: امریکہ کے پاکستان میں مشن نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ساتھ مل کر پشاور میں بجلی چوری کے سدباب اور بجلی کی مد میں آمدن میں اضافے کیلئے پائلٹ منصوبے کی کامیاب تکمیل کا جشن منایا۔

اس منصوبے کے تحت یو ایس ایڈ نے چمکنی سب ڈویژن سمیت پیسکو کے مختلف علاقوں میں چوری کا راستہ مسدود کرنے والی571 کلومیٹر طویل تاریں اور5,000 سمارٹ میٹر نصب کئے۔

 ان علاقوں میں بجلی چوری‘ بلنگ کے مسائل اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کے مسائل کی وجہ سے رپورٹ کردہ سالانہ نقصانات تقریباً60 فیصد یا1.3 ارب روپے تک پہنچے ہوئے تھے۔

 مرکزی وائر لیس انٹرنیٹ سسٹم پر چلنے والے سمارٹ میٹر درست بلنگ کو آسان بناتے ہیں اور کسٹمر سروس کو بہتر کرتے ہیں۔

 مزید برآں یو ایس ایڈ نے ٹرانسفارمروں کی دیکھ بھال کا ایک جدید آن لائن نظام متعارف کرایا ہے جو پیسکو کیلئے بجلی کی مقدار کا براہ راست حساب کتاب رکھنے اور جہاں ضرورت ہوئی وہاں پیسکو کو بروقت اور برق رفتاری سے درستگی کے اقدامات لینے کے قابل بنائے گا۔

یہ پاکستانی حکومت کی ملکیت چلنے والی بجلی کی کسی بھی تقسیم کار کمپنی میں اپنی نوعیت کا پہلا نظام ہے‘یو ایس ایڈ کے مشن کی ڈائریکٹر جولی کوینن نے کہا آج کی دنیا میں ٹیکنالوجی پر انحصار کی وجہ سے توانائی ہماری روزمرہ کی زندگی کیلئے اور بھی لازم ہوگئی ہے۔