عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا۔

فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی 56ویں سالگرہ کے اگلے ہی دن ایک پوسٹ میں بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے سب سے پہلے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ’’میری سالگرہ پر نیک تمناؤں کا اظہار کرنے اور محبتوں کا شکریہ‘‘۔

عامر خان نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’میں آپ لوگوں کو ایک اور خبر بھی دینا چاہتا ہوں، یہ میری سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ ہوگی کیوں کہ اب میں نے سوشل میڈیا کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مسٹرپرفیکشنسٹ نے لکھا ’’البتہ ہم پہلے کی طرح ہمیشہ رابطے میں رہیں گے اور ہاں ’’عامر خان پروڈکشن‘ نے اپنا آفیشل اکاؤنٹ بنایا ہے تو میری فلم کے حوالے سے تمام معلومات آپ کو وہاں فراہم کی جائیں گے۔

یہ پہلی بار نہیں کہ عامر خان نے اس طرح کا فیصلہ لیا ہوں، اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی شوٹنگ کے دوران بھی عامر خان نے چند ماہ کے لیے موبائل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ فلم پر مرکوز رکھ سکیں۔

دوسری جانب عامر خان پروڈکشن کے آفیشل پیج سے اب تک صرف ایک ہی پوسٹ کی گئی ہے۔

واضح رہے عامر خان نے حال ہی میں اپنی فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ مکمل کی جس میں ان کے مدمقابل کرینہ کپور لیڈنگ رول میں دکھائی دیں گے جب کہ فلم رواں سال کرسمس کے موقع پر سینماگھروں کی زینت بنے گی۔