امریکا کے ہاتھ سے جوہری معاہدے میں شمولیت کا وقت نکلتا جارہا ہے، ایران

تہران:ایران نے کہاہے کہ امریکا کے ہاتھ سے جوہری معاہدے میں شمولیت کا وقت نکلتا جارہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف  نے یورپی پالیسی مرکز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے کچھ مختلف نہیں کیا۔ 

جواد ظریف نے کہا کہ رواں سال جون میں ایران کے صدارتی انتخابات سے قبل امریکا کے پاس جوہری معاہدے سے متعلق ڈیل کرنے کا وقت ہے لیکن اور اس حوالے سے امریکا کو جلدی کرنا پڑے گی ورنہ دوبارہ معاہدے میں شامل ہونے کے لیے اگلے سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔

 ایرانی وزیر خارجہ  نے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے ابھی تک ٹرمپ دور کے فیصلوں سے کچھ ہٹ کر نہیں کیا، معاہدے میں واپسی سے متعلق ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ امریکا بات چیت سے قبل جوہری معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کرے۔