پاکستانی اداکارہ ارمینا رانا خان اور ان کے شوہر نے گزشتہ دنوں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگوائی تھی۔
اداکارہ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں کورونا کی ویکسین لگوائی ہے اور وہ اس پورے عمل اور تجربے کے بارے میں بتائیں گی۔
بعدازاں اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ویکسین کے بعد محسوس ہونے والی علامات کے بارے میں بتایا۔
ارمینا نے ویکسین لگنے کے 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد کہا کہ انہیں کوئی واضح علامت محسوس نہیں ہوئی، بس انہیں ہلکا سا سر درد اور پٹھوں میں معمولی درد ہوا ہے جب کہ ان کے شوہر بالکل ٹھیک ہیں اور اب میں آپ کو 48 گھنٹے گزر جانے کے بعد آگاہ کروں گی۔
ویکسین لگوانے کے 48 گھنٹے گزر جانے کے بعد اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ مجھے اور میرے شوہر کو معمولی بخار ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ ارمینا رانا خان سے قبل اداکارہ ریما نے بھی کورونا کی ویکسین لگوائی تھی جب کہ اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی حال ہی میں ویکسین لگوائی ہے۔